بھٹکل 12 مارچ (ایس او نیوز/پریس ریلیز) پڑوسی علاقہ شیرور میں جامعہ دارالسنہ زیر اہتمام اسلامک ویلفیئر سوسائٹی شیرور کا سالانہ اجلاس عام 10مارچ 2023ء بروز جمعہ بعد نماز عصر تا نو بجے شب میدان جامعہ میں بحسن و خوبی منعقد ہوا۔ جس کی صدارت جامعہ کے ایک عظیم محسن جناب قاضی سلیم صاحب حفظہ اللہ نے فرمائی.
پروگرام کا آغاز بعد نماز عصر 45 :4 بجے شعبہ حفظ کے ایک طالب علم اسماعیل ذبیح اللہ بن عبدالحمید کی تلاوت قرآن سے ہوا.تلاوت کے بعد شعبہ حفظ کے ایک دوسرے طالب علم منیگار نافع بن منیگار فیاض احمد نے شاندار انداز میں نظم پڑھی، نظم وقرأت کے بعد عبداللہ بن حبیب اللہ الصف الخامس نے انگریزی زبان میں، عبدالرحمن بن محمد شافی الصف الرابع نے کنڑا زبان میں اپنی تقاریر پیش کیں. بعدہ ناظم اجلاس شکیب الرحمن سلفی حفظہ اللہ نے دینی اجلاس کے انعقاد کے مقاصد پر مختصر روشنی ڈالی اور اس کے بعد استاد جامعہ شیخ عبدالوحید سلفی ریاضی حفظہ اللہ نے اجلاس میں شریک تمام حضرات کی خدمت میں استقبالیہ کلمات پیش فرمایا،استقبالیہ کے بعد محمد عباس بن محمد عابد الصف الخامس نے عظمت قرآن پر اردو زبان میں ایک تقریر کی. طلبہ کے اس مختصر علمی مظاہرے کے بعد جنوبی کرناٹک کے معروف عالم دین فضيلة الشيخ حافظ شاکر احمد مدنی حفظہ اللہ نے طلب علم کے آدابِ پر ایک مختصر وجامع خطاب کیا، موصوف کے خطاب کے بعد ہندوستان کے مشہور ومعروف داعی وخطیب فضيلة الشيخ حافظ عبدالحسیب مدنی حفظہ اللہ نے ایک پر مغز خطاب کیا جس میں ابتداء آپ نے طلبہ کو جامع نصیحت فرمائی پھر سلسلہ خطاب کو آگے بڑھاتے ہوئے والمومنون والمومنات بعضهم أولياء بعض يأمرون بالمعروف وينهون عن المنكر کی روشنی میں مسلمانوں کے درمیان آپسی محبت اور امر بالمعروف والنھی عن المنکر کا فریضہ انجام دینے پر نہایت ہی جامع اور مؤثر انداز میں روشنی ڈالی.
شیخ کے خطاب کے بعد نماز مغرب کی ادائیگی کے لئے وقفہ رہا. بعد نماز مغرب اجلاس کی دوسری نشست کا آغاز شعبہ حفظ کے طالب علم حسام کرانی بن ریاض کرانی کی تلاوت قرآن کے ذریعہ ہوا، تلاوت کے بعد الصف الخامس میں زیر تعلیم طالب علم محمد سہیل بن محمد حسین نے بڑے ہی دلکش انداز و طرز میں نظم خوانی کی اور مرحلہ عالمیت کی تعلیم مکمل کرنے والے طالب علم سمیع اللہ اسدی بن عبدالجبار اسدی نے عربی زبان میں بہترین اسلوب میں تقریر پیش کی،اس کے بعد تقسیم اسناد وانعامات کا مختصر سلسلہ رہا.جس میں مرحلہ عالمیت کی تکمیل کرنے والے طالب علم سمیع اللہ اسدی بن عبدالجبار اسدی کو سند عالمیت و انعامات اور حفظ قرآن مکمل کرنے والے طلبہ احمد عفاف بن محمد توصیف عمری اور مغیث بن فرید حسین کو انعامات سے نوازا گیا. اسی مناسبت سے کلیہ عائشہ الصدیقہ للبنات زیر اہتمام اسلامک ویلفیئر سوسائٹی شیرور سے حفظ قرآن کی تکمیل کی سعادت حاصل کرنے والی پہلی طالبہ رمشاء قاضی بنت ہارون قاضی کو بھی سوسائٹی کی جانب سے انعام دیا گیا جسے طالبہ کے دادا محترم جناب اقبال قاضی صاحب نے وصول کیا.
اس سلسلے کے بعد عالم اسلام کے نامور خطیب، داعی ومبلغ فضيلة الشيخ ظفرالحسن مدنی حفظہ اللہ نے علم دین ومدارس اسلامیہ کی اہمیت پر بڑے ہی جاذب و دلکش اسلوب میں عوام سے تقریباً سوا گھنٹے تک اپنی طبیعت کی ناسازی کے باوجود خطاب کیا جس میں آپ نے اپنے مخصوص انداز واسلوب میں میں علم دین کے متعلق علماء، امراء اور عوام کے کردار کو اجاگر کیا.
موصوف کے خطاب کے بعد ناظم اجلاس نے کلمات تشکر کا نذرانہ پیش کیا اور اسی کے ساتھ پروگرام بحسن خوبی اختتام پذیر ہوا. نماز عشاء سے فراغت کے بعد پروگرام میں شرکت کرنے والے تمام لوگوں کی اسلامک ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے عشائیہ کے ذریعہ ضیافت کی گئی. اجلاس عام میں کثیر تعداد میں مرد وخواتین نے شرکت فرمائی جبکہ ایک بڑی تعداد نے براہ راست نشر سے بھی استفادہ کیا. والحمد لله رب العالمين.
پروگرام کی مکمل وڈیو: